خیبر پختونخوا میں ورچوئل یا آن لائن کھیلوں کا ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا فیصلہ
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں ویڈیو گیمنگ انڈسٹری کو فروغ دینے کا فیصلہ کر لیا۔
خیبر پختونخوا میں آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے گیمز بنانے کے لیے بجٹ بھی مختص کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ضیا اللہ بنگش نے اس حوالے سے کہا ہے کہ گیمنگ انڈسٹری تیزی سے ترقی پانے والی صنعتوں میں سے ایک ہے اور ہم نے ملک کے دیگر گیمنگ انڈسٹری سے وابستہ کمپنیوں کو خیبر پختونخوا مدعو کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی خیبر پختونخوا میں اپنا سیٹ اپ لگانا چاہتے ہیں حکومت ان کے ساتھ تعاون کرے گی اور خیبر پختونخوا میں بہت جلد ورچوئل گیمنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے ویڈیوز گیمز کو باقاعدہ اسپورٹس کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا جس کے بعد ویڈیو گیمز کھیلنے والے بھی کھلاڑی شمار ہوں گے۔
وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اس سلسلے میں تفصیلات طے کرنے کے لیے اہم اجلاس بلایا تھا۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے گزشتہ ماہ ویڈیو گیمز سے متعلق ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کیے تھے۔ جس کے بعد پی ایس ایل اور دیگر گیمز کے بڑے ایونٹس کی طرح ویڈیو گیمز کے بھی بڑے ایونٹ منعقد ہوں گے اور حکومت ریجن کی سطح پر ٹیمیں بنا کر ویڈیو گیمز کے ٹورنامنٹس کروائے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 12، 15 سال میں اگر آپ ڈرائیور لیس گاڑیوں کی طرف گئے تو ہزاروں ڈرائیور بے روزگار ہوجائیں گے لیکن ہزاروں ڈیٹا انجینرز کے لیے بھی نوکری کے مواقع پیدا ہوں گے۔