پشاور، جعلی کورونا سرٹیفکیٹ پر بیرونی ملک سفر کرنے والے چھ افراد گرفتار
باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرسی اے اے ویجلنس اور محکمہ صحت نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کورونا سرٹیفکیٹ دیکھا کر بیرون ملک جانے والے 6 مسافر دھر لئے۔
ذرائع کے مطابق مسافر مختلف پروازوں سے پشاور سے العین جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 255، پی آئی اے کی دوسری پرواز پی کے 217 کے ذریعے پشاور سے ابوظہبی اور تیسری پرواز نجی ایئرلائن (ایئر بلیو) کی پرواز پی اے 612 سے پشاور سے شارجہ جانا چاہ رہے تھے تاہم جب مسافروں کے کورونا سرٹفکیٹ چیک کئے گئے تو اس میں سے چھ مسافروں کے کورونا سرٹفکیٹ جعلی نکلے۔
واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جوائنٹ سرچ کاؤنٹر پر مسافر سے کورونا ٹیسٹ رپورٹ طلب کی گئی۔
عملے کو رپورٹ پر شک ہوا، مسافروں کی کورونا رپورٹ کی جانچ پڑتال کی تو وہ جعلی نکلی، جعلی سرٹیفیکیٹ رکھنے والے مسافروں کو ائیر لائن نے بورڈنگ کارڈ جاری نہیں کئے اور انہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں دی بلکہ ان کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کیلئے ایف ائی اے حکام نے حراست میں لے لیا۔