ضلع خیبر، باڑہ میں فریقین کے درمیان زمینی تنازعہ پر ایک گھر مسمار
ضلع خیبر، باڑہ میں فریقین کے درمیان زمینی تنازعہ پر ایک گھر مسمار جبکہ دو موٹر سائیکلوں اور ایک چنگ چی رکشے کو آگ لگا کر نذر آتش کر دیا گیا تاہم جانی نقصان کی اطلاعات نہیں۔
ذرائع واقعات کے مطابق تحصیل باڑہ کے علاقے شلوبر سیکرٹری پل کے قریب قبیلہ شلوبر اور ذخہ خیل کے درمیان زمینی تنازعہ پر جھڑپ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق قبیلہ زخہ خیل کے افراد نے قبیلہ شلوبر کے ایک گھر کو مسمار کر دیا اور ایک موٹر کار بھی لے گئے جبکہ دو موٹر سائیکلیں اور ایک چینچی کو آگ لگا کر نذر آتش کر دیا۔
متعلقہ خبریں:
ناوگئی میں حالات کشیدہ، ایک گھر مسمار
لنڈی کوتل، قیام پاکستان سے آباد کرسچن کمیونٹی کے گھر مسمار
پولیس کی جانب سے بھی کسی قسم کی کاروائی کی اطلاعات تاحال موصول نہیں ہوئیں۔
دوسری جانب قبیلہ شلوبر میں واقعہ پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا، شلوبر قومی کونسل کے چیئرمین عبدالغنی آفریدی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں ایسے واقعات کا رونما ہونا لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے سے قبیلہ شلوبر میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے پورا قبیلہ سرتاپا احتجاج ہے، پولیس کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ پولیس ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر لے گی تاہم قبیلہ شلوبر نے کل جرگہ طلب کیا ہے جس میں مشترکہ طور پر واقعہ کے بارے میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
قبل ازیں یکم جنوری 2021 کو ضلع مہمند کی تحصیل بائیزئی میں زمین کے تنازعہ پر ایک گھر کو مسمار کر دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں دو قبیلوں کے درمیان تصادم کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا جو مہمند پولیس اور مقامی مشران کی بروقت مداخلت پر فی الحال ٹل گیا تھا۔