جمرود میں خواجہ سراؤں پرحملہ، ایک شخص گرفتار
ضلع خیبرمیں خواجہ سراؤں کے پر حملے میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خواجہ سراؤں کے ساتھ ڈی جے سسٹم کو آگ لگاکر جلادیا گیا تھا جس کے بعد خواجہ سراؤں نے ملوث افراد کے خلاف جمرود تھانے میں ایف ائی ار درج کرائی۔
جمرود ایس ایچ او امجد آفریدی نے ایف ائی ار کے بعد کاروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرکے جمرود تھانے میں بند کردیا جبکہ دیگر ملوث افراد کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
خواجہ سراوں نے مطالبہ کیا کہ انکو انصاف فراہم کیا جائے اور ان کا جو نقصان ہوا ہے اسکو پورا کیا جائے۔
واضح رہے چند روز قبل آرزو نامی خواجہ سرا نے بھی الزام لگایا تھا کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اس کے ساتھ ریپ کی کوشش کی گئی ہے۔
آرزو کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گورو جیدی کے بلڈ ٹیسٹ کے لئے نیو بلڈنگ کی پانچویں فلور پر گئی تو وہاں موجود لیبارٹری والے کو ٹیسٹ دئیے، اس نے گھنٹے سے ڈیڑھ گھنٹے کا وقت دیا، جس پر انہوں نے کہا کہ اگر جلدی ہوجائے جس کے بعد دوسرے کمرے سے ایک شخص آیا جس نے کہا آپکو بہت جلدی ہے، اسی شخص نے ان کو دوسرے کمرے میں آنے کا بولا وہاں گئی تو اس نے انکو ہاتھ لگا کر غلط کام کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے اسکو منہ پر تھپڑ رسید کیا جسکے بعد جھگڑا ہوگیا۔ بعد ازاں آرزو نے اپنا الزام واپس لے لیا تھا۔