”تعلیم افسر نثار محمد کو قائداعظم گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازنا ضلع خیبر کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے”
صوبے بھر میں بہترین تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر نثار محمد کو آج قائد اعظم گولڈ میڈل ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق اس سلسلے میں آج الحمراء ہال لاہور میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے استحکام پاکستان فاؤنڈیشن کے سرپرست شیر بہادر کا کہنا تھا کہ نثار محمد نے صوابی، مانسہرہ، شانگلہ، چترال اور ضلع خیبر میں ضلعی تعلیمی افسر کی حیثیت سے مثالی کارکردگی دکھائی ہے اور اس وجہ سے صوبے بھر سے تعلیمی میدان میں نثار محمد کو قائداعظم گولڈ میڈل ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار محمد نے یہ اعزاز حاصل کرنے پر اپنے تاثرات میں کہا کہ آج کا پروگرام ان کی زندگی کا یادگار لمحہ ہے اور وہ آج اس پر بہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جہاں بھی ڈیوٹی کی ہے وہاں ہمیشہ اس ضلع کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا اور محکمہ تعلیم سے کرپٹ مافیا کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے۔
دوسری طرف ضلع خیبر کی سیاسی اور سماجی تنظیموں سے وابستہ افراد نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار محمد کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ ضلع خیبر کے لئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔
یاد رہے کہ آج سارے ملک سے پچاس کے قریب مختلف شعبہ جات سے وابستہ افراد کو قائد اعظم گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔