قومی

”وقت آ گیا ہے، سلیکٹرز عمران کو بچائیں گے یا پاکستان کو”

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ جعلی اور نالائق حکومت نے ملک کو تباہی کی راہ پر گامزن کیا اور اب وقت آ گیا ہے کہ سلیکٹرز یا عمران کو بچائیں گے اور یا پاکستان کو، ملک پر مسلط کردہ جعلی حکمرانوں نے ڈھائی سال میں ملک کو تاریکیوں میں دھکیل دیا ہے۔

ملاکنڈ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے زیر اہتمام جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ آج ملاکنڈ کے عوام نے سلیکٹڈ حکومت کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے کہ ووٹ چوری مزید برداشت نہیں کریں گے، پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتیں سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے اور عمران خان کو گھر بھیجنے پر متفق ہیں، ملک پر مسلط جعلی حکومت کا خاتمہ کر کے ملک میں حقیقی جمہوریت اور عوام کی حق حکمرانی کی بحالی تک پی ڈی ایم کی تحریک اور جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، دو سال بعد اپنی ناکامی کا اعتراف کرنے والے کو ملک چلانے کا کوئی حق حاصل نہیں، عمران خان اپوزیشن میں تھا تو کہتا تھا مہنگائی تب آتی ہے جب حکمران چور ہو، 70 سال کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی آج ہے جس کا مطلب کہ عمران خان ہی سب سے بڑا چور ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے ملک میں جمہوریت اور امن کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ان کی قربانیوں ہی کی بدولت خیبر پختونخوا سمیت پاکستان بھر میں امن کا قیام ممکن ہوا، جب عوامی نیشنل پارٹی اور ملاکنڈ کے عوام دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے تھے اس وقت صرف عمران خان ہی تھا جو دہشت گردوں کا نام لینے سے گھبراتا تھا اور دہشت گردوں کا وکیل بنا ہوا تھا۔

عمران خان اور اس کی کابینہ میں وہ لوگ شامل ہیں جو دہشت گردوں کو دفتر دینے کی بات کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں نئے شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے اور یہ مطالبہ پاکستان کی ساری جمہوریت پسند عوام کا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button