بچوں کی صحت داؤ پر، ملاگوری عوام کا پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کیوں؟
ملاگوری، چپ ٹریننگ کنسلٹنسی کی غلط پالیسوں کے خلاف عوام کا پولیو مہم سے بائیکاٹ کا اعلان، سینکڑوں بچے انسداد پولیو کے قطروں سے محروم ہو گئے۔
ٹی این این کے ساتھ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علاقہ عزیز آباد میاں مورچہ کے رہائشیوں حاجی مویز خان، خائیست یار، بلال خان، انعام اللہ، حاجی مصری خان و دیگر نے بتایا کہ ضلع خیبر میں 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والی چپ ٹریننگ کنسلٹنسی نے ان کے علاقے سے مقامی تعلیم یافتہ، اہل اور حق دار امیدوارو ں کا انتخاب نہیں کیا ہے اور جس کی شکایات با رہا انہیں کی گئیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور اب وہ مجبور ہو کر اس پولیو مہم سے مکمل بائیکاٹ اور لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بائیکاٹ کی وجہ سے سینکڑوں بچے قطروں سے محروم ہو جائیں گے۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ پولیو قطروں کے خلاف ہرگز نہیں ہیں مگر چپ ٹریننگ کنسلٹنسی کی غلط پالیسوں کے ضرور خلاف ہیں۔
انہوں نے ڈی سی خیبر محمود اسلم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خیبر و دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے اور میاں مورچہ میں اہل اور حق دار امیدوار تعینات کئے جائیں، ”مطالبہ نہ ماننے تک پولیو مہم کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔