‘ضم اضلاع کے معطل لیویز اور خاصہ داروں کو بحال کرکے ان کا معاشی قتل بند کیا جائے’
‘ضم شدہ اضلاع خیبر، مہمند اور باجوڑ کے معطل لیویز اور خاصہ داروں کو بحال کرکے ان کا معاشی قتل بند کیا جائے’ ان خیالات کا اظہار خیبر یونین پاکستان کے مرکزی صدر حاجی مجیب الرحمن آفریدی نے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور ہو رہے ہیں، 74ویں روز بھی صوبائی اسمبلی کے سامنے معطل لیویز اور خاصہ داروں کا احتجاجی کیمپ لگا ہے جبکہ ایوان میں بیٹھے منتخب نمائندوں کو انکی کوئی فکر نہیں‘
انہوں نے کہا کہ معطل اہلکاروں کے ساتھ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، صوبائی وزرا اور دیگر اعلیٰ قیادت نے وعدے تو بہت کئے مگر ان کووعدوں کو ایفا نہیں کیا گیا ‘ حاجی مجیب الرحمان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ انضمام کے وقت بہت سے وعدے کئے گئے ہیں تاہم عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع کے معطل اہلکاروں کو جلد از جلد بحال کرکے ان کا معاشی قتل عام بند کیا جائے اور جنگ زدہ متاثرہ دوسرے تمام لوگوں کے مسائل حل کرے تاکہ آئے روز احتجاج اور مظاہرے نہ ہوں۔