11 جنوری، 70 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ صوبہ سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
11جنوری کو صوبہ بھر میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ گزشتہ سال صوبہ میں پولیو مہمات موثر انداز میں چلائی گئیں جس کی وجہ سے پولیو کیسز میں خاطر خواہ کمی دیکھنے کو ملی، اس سلسلےمیں ضلعی انتظامیہ اور پولیو ورکرز نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سال ضلعی انتظامیہ اور پولیو ورکرز کی انتھک محنت سے انکاری والدین کی شرح میں کمی آئے گی تاہم ہم خطے میں پولیو وائرس کے خاتمے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ آئندہ نسلوں کو معذوری سے بچانے کے لئے ناگزیر ہے جس میں کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر آئی جی پولیس خیبر پختونخوا کے ہمراہ پشاور میں موجود رہ کر پولیو مہم کی نگرانی کریں گے، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور سماجی بہبود کا عملہ بھی اس قومی مشن میں بھرپورحصہ لے جس کیلئے ایک نئی حکمت عملی بنائی جائے تاکہ پولیو مہمات کو مزیدموثر بنایا جائے۔
ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ پولیو ایک قومی مسئلہ ہے اس لئے اس وائرس کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے انسداد پولیو مہمات ہر صورت میں جاری رکھی جائیں گی تاکہ اس ناسور کا جلد ازجلد خاتمہ ممکن ہو سکے۔
اس موقع پرانسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ثناء اللہ عباسی نے اجلاس کو بتایا کہ پولیو مہمات کی کامیابی کے لئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں گے اور ان مہمات کو کامیاب بنانے کے لئے ہرحد تک جائیں گے۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ انسداد پولیو کی راہ میں حائل تمام تر مشکلات اور چیلینجز کے باوجود حکومت خیبر پختونخوا اس کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، پولیو کا خاتمہ ہمارے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لئے ناگزیر ہے اور پولیو کے خاتمہ کے لئے احتساب اور جوابدہی کا ایک موثر نظام وضع کیا گیا ہے، صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا کردار انتہائی اہم ہے۔
اس موقع پر صوبہ خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی، چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے صحت خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی رابعہ بصری، سیکرٹری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ امتیاز حسین شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ، سیکرٹری ایجوکیشن، ڈی جی ہیلتھ سروسز، صوبے کے تمام ڈویژنز کے کمشنرز، اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط، ٹیکنیکل فوکل پرسن بی ایم جی ایف، این سٹاف، یونیسیف، ڈبلیو ایچ اوکے نیشنل ٹیم لیڈز، روٹری انٹرنیشنل کے کنٹری ہیڈ عزیز میمن، ای پی آئی اور صوبائی ای او سی کے حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے اجلاس کو بتایا کہ11 جنوری سے صوبہ بھر شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 70 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے مہم کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔