قبائلی اضلاع

جنوبی وزیرستان میں موبائل نیٹ ورک کے 35 ٹاور لگانے کا اعلان

 

آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل عمر بشیر نے کہا ہے کہ موبائل نیٹ ورک کی بحالی پر کام ہورہا ہے آنے والے چھ مہینوں میں محسود علاقوں میں موبائل نیٹ ورک کے پینتیس ٹاور لگائیں جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے سپینکئی راغزائی میں ہیڈکوارٹر کی تعمیر پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا اور اسکے ساتھ ساتھ محسود قوم کے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کام اور مسمار گھروں کے سروے پر تیزی سے کام جاری ہے۔

جنوبی وزیرستان ایف سی ہیڈکواٹر وانا میں آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل عمر بشیر کے ساتھ (ر)کرنل یعقوب محسود کی سربراہی میں محسود قوم کے قبائلی عمائدین ،ریٹائرڈ سول و ملٹری بیوروکریٹس کے ساتھ گزشتہ جاری جرگوں کے تسلسل میں قوم کو درپیش مسائل اور انکے حل کیلئے تفصیلی ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران میجر جنرل عمر بشیر نے کہا ہے کہ یہ بات میرے لیے خوش آئند ہے کہ محسود قوم جنوبی وزیرستان کے ضلعی ہیڈکوارٹر کی تعمیر کیلئے سپینکئی راغزائی پر متفق ہوگئ ہے، انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کیلئے جگہ کے تعین سے حکومت کیلئے مزید آسانی پیدا ہوگئی ہے، حکومت بہت جلد سپینکئی راغزائی میں ضلعی ہیڈکوارٹر کیے قیام کے بارے میں فیصلہ کرے گی اور اس فیصلے کے بعد ہی اسکی تعمیر پر جلد از جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔
وفد کے اسرار پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سرحدوں جاری تنازعات کیلئے جو بارڈر کمیشن بنے گا وہ اقوام کے درمیان مکمل انصاف کے ساتھ اپنا کام کرے گا۔

یاد رہے کہ پہلے جنوبی وزیرستان کا ہیڈ کوارٹر وانا میں ہے جس پر محسود قوم کو اعتراض تھا کہ وزیر قوم کے علاقے میں ہے، جنوبی وزیرستان کے 75 فیصد علاقوں میں محسودجبکہ 25 فیصد علاقوں میں وزیر اور باقی اقوام آباد ہیں۔
محسود قوم کے وفد نے ازسرنو مردم شماری کے بارے میں آئی جی ایف سی ساوتھ کو آگاہ کیا کہ یہ ایک پیچیدہ معاملہ ہے جسکے بارے اداروں کے پاس متضاد معلو مات ہیں وہ اس معاملے میں مکمل تحقیق کر کے انکو صحیح معلومات فراہم کریں گے۔
آئی جی ایف سی نے کرنل یعقوب کی خواہش پر وعدہ کیا کہ وہ محسود قوم کی بارہ سالہ علاقے میں عدم موجودگی کے دوران انکے فنڈ جو دوسرے ایجنسیوں کو دے دئے گئے تھے اسکے بارے میں معلومات اور پالیسیاں معلوم کرنے کے بعد قوم کو واپس دلوائیں گے۔
آئی جی ایف سی نے وفد سے کہا کہ حکومت محسود قوم کو درپیش مسائل کو تر جیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے، علاقے کی دوبارہ آباد کاری کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہاہے۔
انہوں نے بتایا کہ مسمار گھروں کے سروے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بارہ ٹیمیں مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں اور جن مسمار گھروں کے سروے ہوئے ہیں ان کیلئےکافی چیک آ چکے ہیں جو جلد ہی متعلقہ افراد کو دئے جائیں گے۔
محسود قوم کے وفد کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محسود علاقے میں موبائل نیٹ ورک کی بحالی کیلئے ٹیمیں آئی ہیں اور آنے والے چھ مہینوں میں جاز اور یوفون کے پینتیس ٹاور لگائے جائیں گے امید ہے کہ یہ محسودوں کے زیادہ ترعلاقوں کو کور کرینگے۔
میجر جنرل عمر بشیر صاحب نے مزید کہا ہے کہ جو علاقے زیادہ پسماندہ ہیں ان پر حکومت نے خاص نظر رکھی ہے اور اُنکی ترقی پر زیادہ توجہ دی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ علاقے کی آباد کاری کیلئے مین شاہراہیں،لنک روڈ،چھو ٹے ڈیموں کی تعمیر اور ذراعت پر بھی خصوصی توجہ دی جائیں گی۔
محسود قوم کے وفد نے آئی جی ایف سی میجر جنرل عمر بشیر کا قوم کے مسائل کے حل پر گہری توجہ دینے پر انکا شکریہ ادا کیا اور علاقے میں امن کی بحالی کے سلسلے میں حکومت کیساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button