خیبر پختونخوا

کرک مندر کو آگ لگانے کا معاملہ، ایف آئی آر میں نامزد 25 افراد گرفتار

 

کرک میں پولیس نے مندر کو آگ لگانے کی پاداش میں ایف آئی آر میں نامزد ملزمان میں 25 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے گرفتار ملزمان میں جے یو آئی رہنما رحمت سلام خٹک بھی شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے مزید ملزمان کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔ ایس ایچ او تھانہ ٹیری رحمت اللہ کے مطابق دیگر ملزمان کے گرفتاری کے لئے پولیس مصروف عمل ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نےکرک کے علاقہ ٹیری میں مندر کو آگ لگانے اور مسمار کرنےکے واقعےکا نوٹس لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوس ناک ہے، واقعے میں ملوث عناصرکو جلد انصاف کےکٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کاکہنا ہے کہ اقلیتوں کے جان ومال اورعبادت گاہوں کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔

یاد رہے کرک تحصیل بانڈہ کے علاقہ ٹیری میں موجود ہندؤں کے مندر میں توسیع کی جارہی تھی جس پر مقامی علماء اور عوام شدید مشتعل تھے اور گزشتہ روز بدھ کی صبح مندر پر چڑھائی کرتے ہوئے عمارت کو آگ لگادی اور اسے مسمار کردیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button