خیبر پختونخوا

پشاور ڈی آئی خان موٹروے کی تکمیل سے بیروزگاری کی شرح میں کمی آئیگی، محمود خان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پشاور ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے کے مجوزہ منصوبے کوجنوبی اضلاع کی ترقی کے لئے نہایت اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی اضلاع کی ترقی اور وہاں کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے یہ منصوبہ ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں دیر پا ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے نا صرف عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ تجارت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے جس سے بے روزگاری کی شرح میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ڈی آئی خان موٹر وے منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس اعجاز انصاری اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کو مجوزہ منصوبے کی نمایاں خصوصیات، منصوبے پر عملدرآمد کے لئے مختلف آپشنز، اب تک کی پیش رفت اور دیگر مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب آپشنز کو استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ناگزیر ہے جس پر عملدرآمد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈی آئی خان موٹر وے کا ڈیزائن اور پی سی ون تیار ہیں جو منظوری کیلئے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو بھیج دیئے گئے جن کی آئندہ ہفتے منظوری بھی متوقع ہے۔ مزید بتایا گیا کہ 360 کلو میٹر طویل مذکورہ موٹروے 6 لین پر مشتمل ہے جس میں 7 کلومیٹر طویل 2 ٹنلز اور 19 انٹر چینجز بھی شامل ہیں۔ ڈی آئی خان موٹر وے منصوبے کا تخمینہ لاگت 258 ارب روپے ہے جبکہ منصوبے کی تکمیل کی مدت 4 سال ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button