پیپلز پارٹی مہمند کا مسائل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، پشاور باجوڑ شاہراہ بند
مہمند کے عوام کو درپیش مسائل کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی ضلع مہمند کے کارکنوں نے ہیڈکوارٹر غلنئی بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے میں پیپلز پارٹی مہمند کے صدر ملک اسرائیل خان، ارشد بختیار, ملک جنگریز، طاہر اکبر مومند کے علاوہ کارکنان, تاجروں اور عوام نے شرکت کی۔
مظاہرین نے غلنئی بازار میں احتجاجی واک کیا اور شدید نعرے بازی کی اور پشاور باجوڑ شاہراہ کو بھی آدھے گھنٹے تک بند رکھا۔
مظاہرین سے خطاب میں ارشد بختیار کا عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں کہنا تھا کہ فاٹا انضمام کے وقت کیے گئے تمام وعدے جھوٹے تھے اور ان وعدوں پر فوری عمل کیا جائے، عوامی مسائل میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ سب سے بڑا مسئلہ ہے، ضلع مہمند میں دو ڈیمز کے باوجود بجلی کی عدم فراہمی یہاں کے عوام پر ظلم ہے، پاک افغان تجارتی شاہراہ گورسل مہمند عوام کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے، گورسل تجارتی شاہراہ کی بندش ہمارا معاشی قتل ہے اس کو فوری طور پر کھولا جائے، اس کے علاوہ مہمند ڈیم اور دوسرے محکموں میں غیر مقامی افراد کی بھرتی پر پابندی لگائی جائے۔
ملک اسرائیل نے خطاب میں کہا کہ گورنر ماڈل سکول کے اساتذہ کی تنخواہیں کئی ماہ سے بند ہیں، ان کو فوری طور پر ریلیز کیا جائے، منرل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ماربل رائلٹی ٹیکس تین ہزار سے بڑھا کر پندرہ ہزار کر دیا گیا جو کہ ان غریب عوام کو بے روزگار کرنے کی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے پندرہ دنوں سے مائنز, ٹرانسپورٹ اور فیکٹریاں بند اور ہزاروں لوگ بے روگار ہو گئے ہیں۔
ملک جنگریز نے کہا کہ پورے ملک کو مسائل کی آماجگاہ بنا دیا گیا ہے، حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو گئی ہے۔
انہوں نے تمام مسائل کے حل کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مقامی صحافیوں کو تحفظ دیا جائے اور ان کی مشکلات حل کی جائیں۔