سانحہ آرمی پبلک سکول کو ہم کبھی بھی نہیں بھولیں گے
ملک کی دیگر حصوں کی طرح ضلع خیبر لنڈیکوتل تحصیل کمپاؤنڈ میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کے چھٹی برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس اور دعائیہ تقریب منعقد ہوئی. تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی ویلسن وزیر ممبر صوبائی اسمبلی بصیرت بی بی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوید اکبر تحصیلدار ساز محمد پولیس کے سب انسپکٹر گل مت شلمانی اور دیگر مشران نے شرکت کی۔
آرمی پبلک سکول کے شہداء کے تعزیتی ریفرنس کے شرکاء سے ایم پی اے ویلسن وزیر، ایم پی اے بصیرت بی بی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوید اکبر، ملک ماصل شینواری، فلاحی تنظیم کے صدراختر علی شینواری، نثار آفریدی وارث عاجز مولانا محمد حسین اور دیگر مشران نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس ایک عظیم سانحہ تھا جس کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء بچوں کے سانحہ پر پورا ملک غم سے نڈھال ہیں اور اس کو کبھی نہیں بھولیں گے اور ان شہداء کے قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہوگیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے سانحہ کے بعد پاک فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں کی بہتر حکمت عملی کے ساتھ شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کرکے ملک میں امن قائم ہو گیا اور عوام نے سکھ کا سانس لیا۔
مقررین نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کے ساتھ پاک فوج کے شہداء کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت امن قائم ہو گیا. تعزیتی ریفرنس اور دعائیہ تقریب کے موقع پر پر ارمی پبلک سکول کے شہداء اور پاک فوج کے شہداء اور پاکستان سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئی۔
دوسری جانب اے پی ایس پشاور کے سانحے کی یاد میں پاڑا چنار میں بھی شہدا کی یاد میں قبروں پر دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں شہدا کے لواحقین نے بھی شرکت کی۔
پاڑا چنار کے گلزار شہدا قبرستان میں آرمی پبلک سکول پشاور سانحے میں شہید پاڑہ چنار کے طلبا شہید ندیم حسین، شہید عمران علی اور شہید ابرار حسین کے قبروں پر دعائیہ تقریب منعقد ہوئی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہدا کی قبروں پر شمعیں روشن کئیں گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہید ابرار حسین کے بھائی منتظر حسین، پیپلز پارٹی کے یوسف لالا، حاجی عابد حسین، علام یوسف حسین سر زاہد حسین نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ بدترین واقعہ ہم کبھی بھی نہیں بھولیں گے اور دہشت گردی کے خلاف ہم فورسز کے ساتھ ہیں شہدا کے لواحقین نے کہا کہ انہیں اپنے ننھے پھولوں کی قربانی پر فخر ہے لواحقین اور رہنماوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اے پی ایس کے شہدا کے ورثا کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کریں سانحہ اے پی ایس پشاور کی شہدا کی یاد میں ضلع کرم کے مختلف سکولوں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں سکولوں کے ننھے طالب علموں نے شہدائے اے پی ایس کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عہد کا اظہار کیا کہ وہ تعلیم حاصل کرکے ہی دشمن سے انتقام لیں گے۔