دریائے کابل سے بوری بند نعش برآمد، پتھر گرنے سے مزدور جاں بحق
نوشہرہ، آکوڑہ خٹک وتڑ/سریا خیل میں دریائے کابل سے ہاتھ پاؤں بندی بوری بند نعش برآمد ہوئی ہے۔
نوشہرہ پولیس کے مطابق نامعلوم مقتول کی عمر 30 سے 35 سال کے درمیان ہے جسے ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے پولیس کے ہمراہ ڈی ایچ کیو نوشہرہ منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو بے دردی سے بھانسی دے کر موت کے گھاٹ اتارا گیا، اس کے بعد فائرنگ بھی کی گئی اور پھر ہاتھ پاؤں باندھ اور بوری میں بند کر کے لاش دریا برد کی گئی۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال نوشہرہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس کی مدعیت میں نامعلوم مقتول کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا جبکہ مقتول کے جسم کے نمونے اور فنگرز پرنٹس بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب نوشہرہ ہی کے علاقے بارہ بانڈہ میں گولڈن ماربل فیکٹری میں کام کے دوران ماربل چٹان گرنے سے رحیم خان عمر 35 سال سکنہ شنکر مردان جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ڈیڈ باڈی کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا۔