خیبر پختونخوا

ایک اور لیڈی ڈاکٹر، اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر کورونا وائرس سے جاں بحق

خیبر پختونخوا میں عام آدمی ہی نہیں خود معالجین پر بھی کورونا کے وار جاری ہیں جہاں آج ایک اور لیڈی ڈاکٹر کے علاوہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر نصیب دار بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر نصیب دار کچھ دنوں سے کورونا وائرس میں مبتلا تھے، ان کی نماز جنازہ چکدرہ میں آج رات گیارہ بجے ادا کی گئی۔

مرحوم کی وفات پر وائس چانسلر اسلامیہ کالج پشاور پروفیسر ڈاکٹر جھان بخت رجسٹرار ڈاکٹر محمد ابرار اور دیگر سٹاف کا گہرے غم اور رنج کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اسلامیہ کالج کا تمام سٹاف پسماندگان کے ساتھ ان کے غم میں برابر  کا شریک ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک اور لیڈی ڈاکٹر جاں بحق ہوئیں، ڈاکٹر زیب النساء کورونا کے باعث نجی ہسپتال میں گذشتہ ایک ہفتے سے زیر علاج تھیں۔

پروفیسر ڈاکٹر زیب النساء سے کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آیا، حالت بگڑنے پر انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

ڈاکٹر زیب النساء خیبر میڈیکل کالج پتھالوجی ڈپارٹمنٹ کی سابقہ سربراہ تھیں جہاں سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد کبیر میڈیکل کالج میں پتھالوجی کی سربراہ کے فرائض سرانجام دے رہی تھیں۔

پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق صوبہ میں کورونا وائرس سے جاں بحق ڈاکٹروں کی تعداد 28 ہو گئی، صوبائی حکومت کی جانب سے تاحال کسی شہید ڈاکٹر یا شہید ہیلتھ ملازمین کو شہدا پیکیج نہیں دیا گیا۔

پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر ڈیوٹیاں کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں اب تک 1160 ڈاکٹرز جبکہ 410 نرسیں کورونا کا شکار ہوئی ہیں، 28 ڈاکٹر کے علاوہ 4 نرسیں بھی انتقال کر گئیں ہیں۔

ایسوسی ایشن کے مطابق خیبر پختونخوا میں اب تک پیرامیڈیکس، کلاس فور سمیت 1150 ہیلتھ ملازمین کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں آج بھی 71 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ مزید 2 ہزار 729 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزار 724 تک جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 32 ہزار 327 تک پہنچ چکی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button