خیبرٹیچنگ ہسپتال اموات معاملہ، ہسپتال ڈائریکٹر سمیت 7 افراد معطل
خیبرٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کے خاتمے سے اموات کے معاملے پر ہسپتال ڈائریکٹر سمیت 7 افراد کو فوری طور پر معطل کردیا گیا۔ ڈاکٹر ندیم خاور کی قیادت میں قائم تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی انکوائری رپورٹ تیار کرلی، رپورٹ میں ہسپتال ڈائریکٹر طاہر ندیم سمیت 7 افراد ذمہ دار قرار‘ دیئے گئے جن کو فوری طور پر معطل کردیا گیا۔
معطل افسران میں فلیسٹی منیجر طاہر شہزاد‘منیجرسپلائی علی وقاص اور بائیو میڈیکل انجینئر بلال بابک، اکسیجن پلانٹ کے اسسٹنٹ نعمت، اکسیجن پلانٹ کی ڈیوٹی پر معمور ملازمین وحید اور شہزاد اکبر شامل ہے۔
انکوائری کمیٹی میں انکشاف ہوا ہے کہ ہسپتال میں ایک ہزار کیوبک اکسیجن کا پلانٹ ہے لیکن کوئی بیک اپ نہیں‘
ہسپتال میں اکسیجن کے متبادل کے طور پر پرائمری اور سیکنڈری بندوبست ضروری ہے‘ رپورٹ کے مطابق اکسیجن سپلائی کرنےوالی کمپنی کےساتھ معاہدہ ختم ہوچکا ہے‘ نئے معاہدے سے متعلق کوئی دستاویزات نہیں۔
سپلائی منیجر کے مطابق کمپنی کےساتھ ٹیلی فون پر معاہدے میں 30جون 2020تک توسیع ہوئی تھی۔
واقعے کے وقت ہسپتال میں 90مریض ائیسولیشن وارڈ میں زیر علاج تھے۔
یاد رہے گزشتہ روز پشاور کے خیبرٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ بعض زرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد دس سے زیادہ ہے، بعد ازاں صوبائی وزیر صحت نے واقعہ کی انکوائری کا حکم جاری کر دیا تھا۔