"عمرانی کورونا کو ایک پل بھی ماننے کو تیار نہیں”
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و پاکستان ڈیوکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ہمیں ادراک ہے کہ کورونا ایک وبائی مرض ہے لیکن سلیکٹڈ وزیراعظم کے سیاسی اور عمرانی کورونا کو ایک پل بھی ماننے کو تیار نہیں۔
نوشہرہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم سے بڑا کورونا اس ملک کے لئے نہیں ہو سکتا، حکومت کورونا کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، اسد عمر اور جماعت اسلامی کے جلسوں میں کورونا کا خطرہ نہیں ہوتا لیکن پی ڈی ایم کے جلسوں میں حکومت کو کورونا یاد آ جاتا ہے، کرتارپور راہداری کے راستے لاکھوں کی تعداد میں سکھ یاتری آ جا رہے وہاں بھی کورونا چھٹی پر ہے، حکومت کے یہ تمام ہتکھنڈے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں عوامی سمندر دیکھ کر حکومت کے اوسان خطا ہو چکے ہیں، پی ڈی ایم سلیکٹڈ وزیراعظم کو ہٹانے اور ملک کو بچانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ عوامی جلسوں نے حکومت کے اوسان خطا کر دیئے ہیں اور اب حکومت اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آئی ہے، گجرانوالہ، کوئٹہ اور پشاور جلسوں کی راہ میں رکاوٹیں حائل کیں لیکن ملتان میں تو حکومت نے حد کر دی تھی، جلسہ گاہ میں پانی چھوڑا گیا اور منتظمین کو گرفتار کیا گیا، اس کے باوجود ساری دنیا نے دیکھا کہ جعلی حکومت سے تنگ عوام نے جلسے میں بھرپور شرکت کی اور ملتان کا گھنٹہ گھر چوک جلسہ گاہ کا منظر پیش کرنے لگا، ملتان جلسہ میں حکومتی رویے کے خلاف پی ڈی ایم نے مشترکہ فیصلے کے بعد ملک بھر میں احتجاج کی کال دی تھی اور آج ملک بھر میں سلیکٹڈ حکمرانوں کے غیر آئینی اور غیر قانونی رویے کے خلاف عوام نے اپنا احتجاج ریکارڈ کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور اس بات پر متفق ہیں کہ اس جعلی حکومت کو ہٹانے کے لئے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے جدوجہد جاری رکھیں گے، پی ڈی ایم مطالبہ کرتی ہے کہ ملک میں از سر نو صاف شفاف اور مداخلت سے پاک انتخابات کا انعقاد کروایا جائے، ملک میں آئین اور پارلیمان کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور تمام اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر اپنے فرائض سرانجام دینے ہوں گے ورنہ نتائج خطرناک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ حکومت سے پہلے ملکی معیشت کو آسمان پر پہنچانے کے دعوے کرتے تھے آج انہوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے ساتھ گروی رکھ دیا ہے، ملک کی معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف سے تیار ہو کر آ رہی ہیں جس کی بدولت ڈالر کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے، ملک بھر میں مہنگائی عروج پر ہے، ضروریات زندگی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہے، غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہی ہے، ایک کروڑ نوکریاں دینے والوں نے ریلوے سے 6000، سٹیل ملز سے 4500 اور پی آئی اے سے سینکڑوں لوگوں کو بے روزگار کیا، ملک کی اندرونی پالیسیوں کی ناکامی کے ساتھ ساتھ خارجہ پالیسی بھی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں اور کپتان اور ان کے دوست دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 90 دن میں کرپشن کا خاتمہ کرنے والوں نے ملک معیشت اور خزانے پر ڈاکہ ڈال کر مثالیں قائم کر دی ہیں، بلین ٹری سونامی، مالم جبہ سیکنڈل، بی آر ٹی، چینی سکینڈل اور پٹرول سیکنڈل کرپشن کی داستانیں ہیں، اب تو عدالت نے بھی کہہ دیا ہے کہ بلین ٹری سونامی کے اربوں درخت کہاں پر لگائیں ہیں، عدالت کو پی ٹی آئی حکومت کے باقی پراجیکٹس کا بھی نوٹس لینا چاہئے اور عوام کے سامنے ان کی کرپشن کو بے نقاب کرنا چاہئے، نیب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے ، کرپشن خاتمے کے دعوے ڈراموں کے سوا کچھ نہیں ہے، وزرا اور مشیروں کی فوج بھرتی کر رکھی ہے جو سارا دن ٹی وی پر بیٹھ کر جھوٹ بولتے ہیں اور سیاسی مخالفین کی تضحیک کر کے عوام کو گمراہ کر نے کی کوشش کرتے ہیں۔
دوسری جانب مردان میں جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام ملتان میں کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین کی قیادت ضلعی ناظم عمومی مولانا امانت شاہ حقانی، تحفظ ختم نبوت کے ضلعی امیر قاری اکرام الحق، سیکرٹری اطلاعات مولانا قیصر الدین، مفتی سلیم حلیمی، تحصیل مردان کے امیر مولانا محمد عاقل انصاری کر رہے تھے۔
مظاہرین باغ مسجد سے ختم نبوت چوک تک گئے اور انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین مولانا امانت شاہ حقانی، قاری اکرام الحق، مولانا قیصر الدین اور دیگر نے کہا کہ حکومت کورونا کی آڑ میں شہریوں کے آواز کو دبانا چاہتی ہے لیکن ان کے مذموم عزائم کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کوئی بھی یہ حق نہیں چھین سکتا، حکومت کورونا کی آڑ میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے اور اپوزیشن حکومت کی اس نیت کو جان چکی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملتان جلسے کے موقع پر گرفتار کئے گئے کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے بصورت دیگر راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔
مقررین نے کہا کہ لاہور جلسے کے لئے مردان سے بھی قافلہ روانہ ہو گا اور قائدین کے احکامات کی روشنی میں اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے، "حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور بہت جلد عمران خان کا بستر گول کر دیں گے۔”