قومی

کورونا سے مزید 40 افراد جاں بحق، بعض شعبہ جات کو بند کرنے کا فیصلہ

عالمی وبا کورونا وائرس سے پاکستان میں مزید 40 افراد جان کی بازی ہار گئے اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 8 ہزار 25 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 2 ہزار 839 کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی کل تعداد 3 لاکھ 98 ہزار 24 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں 3 لاکھ 39 ہزار 810 کورونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں اور 48 ہزار 576 زیر علاج ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 30 ہزار 123، خیبر پختونخوا میں47 ہزار 190، سندھ میں ایک لاکھ 73 ہزار 14، پنجاب میں ایک لاکھ 19 ہزار 35، بلوچستان میں 17 ہزار 158، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 855 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 649 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں 71 فیصد مرد ہیں، جاں بحق افراد میں سے 76 فیصد کی عمریں 50 سال سے زائد تھیں، 91 فیصد افراد کا انتقال ہسپتالوں میں ہوا جن میں سے 58 فیصد وینٹی لیٹرز پر تھے۔

ادھر کرونا کی دوسری لہر کے بعد بعض شعبوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پشاور سمیت صوبے بھر میں کاروباری اوقات کار 10 بجے سے 8 بجے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کی منظوری ممکنہ طور پر صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں دی جائے گی۔

تعلیمی اداروں کی بندش کے بعد انسانی زندگی کی تحفظ کے لئے بعض شعبوں کو بند کرنے کی نشاندہی کر دی گئی ہے جس کی منظوری نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں دی جائے گی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیسز مثبت آنے کی شرح 8.53 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ اسی وباء کے باعث ملک میں 5 ہزار 82 اسمارٹ لاک ڈاؤنز نافذ ہیں۔

اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ساتھ شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 5 ہزار 82 جگہ پر سمارٹ لاک ڈاؤنز ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button