خیبر پختونخوا

چارسدہ پولیس نے خواجہ سراء کے مبینہ اغواء کی کوشش ناکام بنا دی

خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ کی تحصیل تنگی میں پولیس نے خواجہ سراء کے مبینہ اغواء کی کوشش ناکام بنا دی۔

پولیس کے مطابق تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ دو افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ملزمان کی گاڑی بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی ہے۔

خواجہ سراء چاکلیٹ ولد سید نور کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق وہ علاقہ احمد آباد میں اپنے پانچ خواجہ سراء دوستوں شبانہ، ببلی و دیگر کے ہمراہ محفل موسیقی میں شرکت کرنے کے لئے گئے تھے، پروگرام کے اختتام پر جب وہ واپس جا رہے تھے تو راستے میں نامعلوم افراد نے انہیں اسلحہ کے نوک پر زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی۔

ملزمان پولیس کی حراست میں

رپورٹ کے مطابق خواجہ سراؤں نے ملزمان کی بات ماننے سے انکار کیا تو انہوں نے ہوائی فائرنگ کی اور خواجہ سراؤں کو ڈرایا دھمکایا جس پر خواجہ سراؤں نے چیخ و پکار شروع کی، خواجہ سراؤں کی چیخ و پکار پر پولیس اہلکاروں نے جا کر انہیں بچا لیا۔

پولیس نے واقعہ میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جبکہ ملزمان نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے، پولیس کے مطابق مزید دو ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ مذکورہ بالا پانچوں خواجہ سراؤں کا تعلق ضلع مردان سے ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button