نوشہرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق، مردان میں سب انسپکٹر کا قاتل مارا گیا
نوشہرہ میں نامعلوم افراد نے پولیس اہلکار کو گولی مار کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق سپاہی شاہ فیصل ہیڈکوارٹر پشاور میں ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا اور آج شام تاروجبہ کے قریب نامعلوم افراد نے انہیں گھر کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کردیا گیا ہے اور قاتلوں کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔
دوسری جانب مردان پولیس نے سپیشل برانچ پولیس کے سب انسپکٹر کے قتل میں ملوث اشتہاری ملزم کو مقابلے میں مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق ملزم زاہد عرف چاچا جوکہ مردان پولیس کو قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھا، کے متعلق پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ وہ اپنے ٹھکانے پر موجود ہے ۔ پولیس ٹیم نے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اشتہاری مجرم نے اندھادھند فائرنگ شروع کردی۔ ملزم کی فائرنگ سے پولیس اہلکار گل نواز لگ کر زخمی ہوا۔
پولیس کے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں مجرم اشتہاری زاہد عرف چاچا ہلاک ہوا۔ ہلاک ہونے والے مجرم اشتہاری نےکچھ عرصہ قبل سپیشل برانچ پولیس کے سب انسپکٹر اقبال خان کو بھی شہید کیا تھا۔