‘ابوظہبی میں پشتونوں کے ویزے منسوخ کرنا قابل افسوس ہے’
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ابوظہبی میں پشتونوں کے ویزے منسوخ کرنا قابل افسوس ہے،حکومت جاگ جائے، وفاقی حکومت کی اس معاملے پر خاموشی شرمناک اور افسوسناک ہے۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ خلیج ممالک بالخصوص یو اے ای میں لاکھوں پشتون روزگار کی غرض سے موجود ہیں۔
سفارتی طور پر حکومت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل نہ دینا زیادتی ہے۔اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کے دعوے کرنیوالوں کو محنت کش مزدوروں کی کوئی فکر نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت سے بھی درخواست کریں گے کہ وہ اس فیصلے پر نظرثانی کریں۔
پی ٹی آئی دورحکومت میں پاکستان میں روزگار ملنا مشکل ترین ہوچکا، باہر بھی اگر بے روزگار ہوں گے تو یہ پشتون کہاں جائیں گے؟حکومت نے اگر اس بابت جلد از جلد اقدامات نہیں اٹھائے تو ہزاروں لوگ بے روزگار ہوسکتے ہیں۔
ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے چندے مانگنے والا وزیراعظم تکلیف کے وقت انہیں بھول گیا ہے۔ اے این پی ہر پلیٹ فارم پر اس عمل کی نہ صرف مذمت کرے گی بلکہ اسکی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔