وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر کابل پر روانہ ہوں گے
وزیر اعظم عمران خان، افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر کل ایک روزہ دورے پر کابل روانہ ہوں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ 2018 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ وزیر اعظم کا افغانستان کا پہلا دورہ ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤد اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی کابل جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم کے پروگرام میں صدر اشرف غنی کے ساتھ ون آن ون ملاقات، وفد کی سطح پر بات چیت اور مشترکہ پریس اسٹیک آؤٹ شامل ہیں۔
اس ضمن میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی دوطرفہ تعلقات، افغان امن عمل، علاقائی ومعاشی ترقی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق مشیر تجارت رزاق داؤد وزیراعظم عمران خان کے دورہ افغانستان سے متعلق پہلے ہی کابل کا تین روزہ دورہ مکمل کرچکے ہیں اور انہوں نے دوطرفہ اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعلقات اور تجارتی راہداری سے متعلق امور پر بات چیت کی تھی۔
افغان حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے متعدد اہم شخصیات سے ملاقات کے دوران رزاق داؤد نے افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کی تھی اور تجارت اور اقتصادی انضمام سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے مابین پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآرڈینیشن اتھارٹی (اے پی ٹی ٹی سی اے) کے اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں راہداری معاہدے پر حائل رکاوٹ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔