کھیل

لاہور قلندرز کو شکست، کراچی کنگز پہلی بار پی ایس ایل چیمپئن بن گئی

پی ایس ایل فائیو کے فائنل میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے بڑے معرکے میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 134 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کنگز نے بابراعظم کی شاندار نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو فخرزمان اور تمیم اقبال بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاور پلے میں بغیر کوئی وکٹ گنوائیں 37 رنز بنائے اور دونوں اوپنرز نے انتہائی سست بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 68 رنز بنائے۔

اننگز کے گیارویں اوور میں عمید آصف نے دونوں اوپننگ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھا دی، تمیم اقبال کی اننگز کا خاتمہ ہوا وہ 38 گیندوں پر 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ فخرزمان نے 24 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کے سب سے اہم بلے باز محمد حفیظ بڑا سکور کرنے میں ناکام ثابت ہوئے اور صرف 2 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

بین ڈنگ اور سمت پٹیل نے لاہور قلندرز کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن سمت پٹیل صرف 5 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور بین ڈنگ بھی ان کے پیچھے پیچھے پویلین جا پہنچے، وہ بھی صرف 11 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو ارشد اقبال نے پویلین بھیجا۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر بھی ناکام ثابت ہوئے اور صرف 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ محمد فیضان نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی، وہ بھی وقاص مقصود کا شکار بنے۔ شاہین آفریدی 12 اور ڈیوڈ ویزے 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال، عمید آصف، وقاص مقصود نے 2،2 اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم شرجیل تیسرے اوور میں 13 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

بابراعظم نے الیکس ہیلز کے ساتھ سکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 49 کے مجموعی سکور پر الیکس بھی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

جس کے بعد چیڈوک والٹن اور بابراعظم کے درمیان 50 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ اس دوران بابراعظم نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف وکٹ روکے رکھی بلکہ سکور بورڈ کو بھی آگے بڑھایا۔

بابراعظم نے 39 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جس میں 6 چوکے شامل تھے جب کہ والٹن نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ افتخار احمد صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ بابراعظم نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف، دلبر حسین نے 2،2 اور سمت پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو چمچماتی ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ ڈالر بطور انعام  دیا جائے گا جب کہ رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ روپے ملیں گے۔ اس کے ساتھ  پلئیر آف دی ٹورنامنٹ، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر اور سپرٹ آف دی کرکٹ کے ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button