پہلی آئی جی ایف سی ساؤتھ کے پی نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ وزیرستان زمری کے نام
ایوب بیٹنی
میزبان ٹیم وزیرستان ازمری نے پہلی آئی جی ایف سی ساؤتھ کے پی نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں سب کو آؤٹ کلاس کر دیا۔
جنوبی وزیرستان کیڈٹ کالج سپینکئی میں شروع ہونے والی پہلی آئی جی ایف سی ساوتھ کے پی نیشنل تائیکوانڈو چیمپین شپ میزبان ٹیم وزیرستان ازمری نے جیت لی، چیمپئن شپ میں چاروں صوبوں کے علاوہ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو سو کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
ایونٹ کی اختتامی تقریب میں سول و عسکری افسران کے علاوہ ممبر صوبائی اسمبلی حافظ عصام الدین، معززین علاقہ اور سکول کے طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر معززین علاقہ نے آئی جی ایف سی ساوتھ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیرستان میں پہلی مرتبہ اس قسم کا میگا ایونٹ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، اس قسم کی سرگرمیاں صحت مند معاشرے اور امن کے لئے انتہائی ضروری ہیں، ایونٹ کے انعقاد سے ایک طرف نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقع مل گئے تو دوسری طرف پوری دنیا کو یہ مسیج ملا کہ وزیرستان میں مکمل امن بحال ہے۔
باہر آئے ہوئے کھلاڑیوں نے بھی آئی جی ایف سی ساؤتھ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم نے اس سے پہلے اتنا بڑا ایونٹ کبھی بھی نہیں دیکھا تھا، کھلاڑیوں نے امن کے حوالے سے کہا کہ وزیرستان میں مکمل امن ہے اور جب بھی کھبی موقع ملے ہم سیر وتفریح کے لئے وزیرستان کا رخ کریں گے۔
آخر میں مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر ساوتھ کے پی نے کھلاڑیوں میڈل ودیگر انعامات تقسیم کئے۔