بلغاریہ کی سفیر کا مردان چیمبر کا دورہ، تجارتی روابط بڑھانے پر اتفاق
بلغاریہ کی سفیر مس الیگزینڈرا گواو اور فیصل سلیم الرحمن اعزازی کونسل جنرل بلغاریہ خیبر پختونخوا نے مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جہاں مردان چیمبر آف کامرس انڈسٹری کے صدر ظاہر شاہ نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
اس موقع پر مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر سہیل امجد، نثار علی نائب صدر، ممبرز ایگزیکٹیو کمیٹی کے علاوہ وومن چیمبرآف کامرس کی صدر عقیلہ سنبل اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
چیمبرآف کامرس انڈسٹری کے صدر ظاہر شاہ نے مہمان خصوصی کو مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مردان چیمبر کی تاجر برادری کے لیے بہت خوشی کا مقام ہے کہ آپ نے مردان چیمبر کیلئے اپنے قیمتی شیڈول میں سے وقت نکال کر چیمبر کا دورہ کیا۔
مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے بہت خوشی کا مقام ہے کہ مردان چیمبر نے مجھے یہ عزت اور حوصلہ افزائی بخشی۔
بلغاریہ کی سفیر مس الیگزینڈرا گواو نے کہا کہ مردان چیمبر کے پلیٹ فارم سے خیبر پختونخوا اور بلغاریہ کے تجارتی حلقوں کے درمیان مزید تجارتی روابط بڑھانے کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت کے ذریعے باقاعدہ بی ٹو بی میٹنگ کا انعقاد کریں گے۔
مردان چیمبر کے صدر نے مہمان خصوصی سے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لئے تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کی سفارش کی جو کہ مہمان خصوصی نے بخوشی قبول کی۔
پروگرام کے آخر میں مردان چیمبر کے صدر ظاہر شاہ نے آنے والی بلغارین سفیر کو چیمبر شیلڈ اور روایتی شال کا تحفہ پیش کیا۔