قومی

وزیرداخلہ کا متنازعہ بیان، پی ٹی آئی وفد کی باچا خان مرکز آمد، معذرت کر لی

پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے وزیر دفاع پرویز خٹک کی قیادت میں پیر کے روز باچاخان مرکز پشاور کا دورہ کیا اور وزیرداخلہ اعجاز شاہ کے اے این پی بارے متنازعہ بیان پر باقاعدہ معذرت کر لی۔

وفد میں وفاقی وزیر دفاع پرویزخٹک کے علاوہ وزیرداخلہ اعجاز شاہ، صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور ایم این اے ارباب شیر علی شامل تھے۔

وفد نے وزیر داخلہ کے بیان پر جرگہ کی صورت میں اے این پی کے مرکزی و صوبائی قائدین کو معذرت کی جسے عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین نے قبول کیا۔

اس موقع پر اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین، صوبائی صدر ایمل ولی خان، صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک، صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور، بزرگ رہنما حاجی غلام احمد بلور، مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی ہدایت اللہ سمیت مرکزی و صوبائی کابینہ کے دیگر اراکین موجود تھے۔

اے این پی قائدین نے ان کا جرگہ قبول کرتے ہوئے 11 نومبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا فیصلہ واپس لے لیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہم جرگہ لے کر آئے تھے کہ اگر اس بیان سے دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت کرتے ہیں، اے این پی کا بڑا پن ہے کہ خوش دلی سے جرگہ قبول کیا گیا اور یہی پشتون روایات ہیں۔

وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے جرگہ قبول کیا اور ہمیں عزت دی، اے این پی سمیت جتنے بھی شہداء ہیں، اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت کرتے ہیں، میں نے ایسے کوئی بات کی ہی نہیں جس طرح اسے لیا گیا، میں معذرت خواہ ہوں۔

اس موقع پر اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم نے پختون روایات کے مطابق پی ٹی آئی کا جرگہ قبول کیا اور پشتون قوم کا نمائندہ ہونے کے ناطے ہم نے جرگہ قبول کیا، اس جرگے کے بعد مطالبات واپس لیتے ہیں کیونکہ آج اے این پی کا بیانیہ جیت گیا ہے کہ ہم نے جو قربانیاں دی ہیں وہ اس ملک کی بقا کیلئے تھیں جیسے کہ آج جرگے نے بھی وضاحت کر دی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button