شمالی و جنوبی وزیرستان میں پاک-افغان بارڈر پر ٹرمینلز بنانے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے افغانستان سے تجارت کو فروغ دینے کے لئے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بارڈرز پر میں ٹرک ٹرمینلز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں آج بروز بدھ صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد نے پاک – افغان بارڈر غلام خان کا دورہ کیا اور سرحد پر ٹرمینل بنانے کے لئے تین مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔ مجوزہ سائیٹس پر ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان نے وزیر ٹرانسپورٹ کو بریفنگ دی۔
میڈیا سے بات کرتے کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ تینوں مقامات کافی مناسب ہیں کیوںکہ شہر سے باہر اور مین سڑک پر واقع ہیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ٹرک ٹرمینل کے قیام کے بارے میں جی او سی شمالی وزیرستان میجر جنرل شاکراللہ خان خٹک سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نےکہا کہ غلام خان سرحد پر ٹرک ٹرمینل کے قیام سے تجارت اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا اور ٹرانسپورٹرز کو سہولیات اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔
انہوں نے جنوبی وزیرستان کے انگور اڈہ سرحد پر بھی ٹرک ٹرمینل کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ بارڈر پر ٹرمینلز کے قیام سے افغانستان سے تجارت کو بھی مزید فروغ ملے گا۔