چترال ،بریر ویلی کا معروف کالاش فیسٹول’’پوڑ‘‘اختتام پذیر
گل حماد فاروقی
چترال گرمائی چراگاہوں سے مال مویشیوں کی واپسی ، اخروٹ اور انگور جمع کرنے کی خوشی میں منایا جانے والا بریر ویلی کا معروف کالاش فیسٹول( پوڑ) ڈھول کی تھاپ پر مردو خواتین کی رقص کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ، یہ فیسٹول حسب روایت بریر ویلی کے قدیم گائوں بشاڑمیں شروع ہوا بعد اذاںگری ڈانسنگ پلیس میں اختتام پذیر ہوا ۔
پوڑفیسٹول کے رسوم کی ابتدا ء کالاش مذہبی پیشوا کے حکم سے پنیر ، اخروٹ و انگور کی تقسیم سے شروع ہوئی ۔ لڑکوں اور لڑکیوں نے رقص کیا تو قبیلے کے بزرگوں نے اپنے باپ دادا کے کارناموں پر یکے بعد دیگرے روشنی ڈالی جنہیں قبیلے کے افراد انہماک اور انتہائی دلچسپی سے سنتے رہے اس دوران نابالغ لڑکیوں کو ٹوپی پہنانے کی رسم ادا کی گئی‘ جو چوموس کے موقع پر لڑکوں کے پچ انجیک کے مقابلے میں منایا جاتا ہے ۔ قبیلے کی درجنوں نابالغ لڑکیوں کیلئے پھولوں سے بنی مخصوص ٹوپیاں تیار کی گئی تھیں جنہیں اس موقع پر انہیں پہنایا گیا اور قربان گاہ وارین میں ان کی اچھے مستقبل کیلئے دعائیں مانگی گئیں پھولوں کی اس ٹوپی کو بیمار بچیوں کی شفا کیلئے اکسیر مانا جاتا ہے اور کالاش قبیلے کا عقیدہ ہے کہ یہ ٹوپی پہنے والی بچی بیمار نہیں ہوتی یا کسی آسیب کا سایہ نہیں پڑتا یا اگر اس قسم کا کوئی مسئلہ ہو تو اسے پہنے سے شفا یاب ہو جاتی ہے حالیہ پوڑ فیسٹول میں غیر ملکی اور ملکی مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
اسسٹنٹ کمشنر چترال تانیہ نے خصوصی طور پر اس میں شرکت کی اور اس فیسٹول سے بہت محظوظ ہوئیں فیسٹول کی جگہ پر غیر ملکی اور ملکی مہمانوں کو انگور اور اخروٹ پیش کئے گئے اور ٹریڈیشنل فوڈ ، دودھ سے بنی اشیا سے ان کی مہمان نوازی کی گئی ۔ قدیم زمانے میں بریر میں انگور سے بڑے پیمانے پر وائن تیار کیا جاتا تھا اور مذہبی رسومات میں کالاش لوگ استعمال کرتے تھے اور مہمانوں کو بھی پیش کرتے تھے لیکن پابندیوں کی وجہ سے اب انگور صرف کھانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، کالاش قبیلے کا یہ مخصوص فیسٹول ہے جو صرف بریر ویلی میں منایا جاتا ہے ،دوسرے ویلیز اس فیسٹول کو نہیں مناتے ۔
اس حوالے سے معروف کالاش سوشل ایکٹوسٹ لوک رحمت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کالاش ویلی بمبوریت اور رمبور میں اوچال فیسٹول منایا جاتا ہے جو کہ بریر ویلی کے پوڑ فیسٹول کا متبادل ہے جبکہ بریر ویلی کے لوگ پوڑ اس لئے بھی مناتے ہیں کہ پوڑ سے پہلے یہاں ڈین کا رواج ہے جس کے تحت اس ویلی میں اخروٹ اور انگور پکنے سے پہلے انہیں اتارنے اور استعمال کی کسی کو اجازت نہیں ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں سے بھاری جرمانہ وصول کیا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ لوگ اپنے اخروٹ اور انگور اس وقت اتار تے ہیں ،جب پوڑ فیسٹول کا اعلان کیا جاتا ہے ان کا کہنا ہے کہ ڈین کا رواج قدیم زمانے سے کالاش ویلی بریر میں رائج ہے ،پوڑ فیسٹول موسم خزان کا فیسٹول ہے ۔ جو سردیوں کی آمد کی اطلاع کے طور پر منایا جاتا ہے جس کے بعد سردیوں کیلئے تیاری کی جاتی ہے اس فیسٹول میں دیگر وادیوں سے تعلق رکھنے والے کالاش قبیلے کے مردو خواتین بھی شرکت کرتے ہیں ۔