چارسدہ: ڈھائی سالہ زینب کے قاتل کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا
چارسدہ میں ڈھائی سالہ زینب کے قاتل کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا ، علاقے میں دوسرے روز بھی سوگ کا عالم ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی ،ڈی آئی جی مردان شیراکبر خان نے بھی چارسدہ کا دورہ کیا وہ زینب کے لواحقین سے ملے اور تعزیت بھی کی ۔ائی جی کے پی کے کا کہنا ہے کہ یہ ایک اندھا کیس ہے تاہم ملزمان کی گرفتاری کیلئے سر توڑ کوششیں جاری ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
واضح رہے چارسدہ میں دو روز قبل اغوا ہونے والی بچی زینب کی لاش جمعرات کے روز برآمد ہوئی تھی، پولیس کے مطابق ڈھائی سالہ بچی کی لاش کھیتوں سے ملی. میڈیکل بورڈ رپورٹ کے مطابق بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی. رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں۔ یاد رہے بچیے کو زیادتی کے بعد چھریوں کی وار کرکے قتل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے پورے گاؤں کا گھیراو کر لیا ہے اور علاقے سے 12 مشتبہ افراد گرفتار کئے تاہم 24 گھنٹے سے زیادہ وقت گزرنے کے باوجود پولیس سفاک قاتل کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ دوسری جانب علاقے میں آج دوسرے دن بھی سوگ کا سماں ہے اور فاتحہ خوانی و تعزیت کیلئے لوگوں کا تانتا بندھا ہے۔ درد ناک واقعہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور لوگوں کو اپنے بچوں کے بارے میں خوف و بے چینی پائی جارہی ہے۔