امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے کے بعد گھر منتقل
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے کے بعد گھر منتقل ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کورونا سے مت ڈریں اور کورونا کو اپنی زندگی پر حاوی نہ ہونے دیں۔
انہوں نے کہا کہ میں بہتر محسوس کررہا ہوں اور آج ہسپتال سے اپنے گھر واپس چلا جاؤں گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فیک نیوز جعلی پولز دکھا رہا ہے۔ امریکی صدر کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے وائٹ ہاؤس منتقل کیا گیا جہاں انہوں نے پہنچتے ہی ماسک اتار دیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کورونا وائرس کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کا شکار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کچھ گھنٹے قبل اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اچانک غیر متوقع طور پر ہسپتال سے باہربھی آ گئے تھے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گاڑی کے اندر سے ہاتھ ہلا کر مداحواں کا شکریہ ادا کیا اور پھر واپس ملٹری ہسپتال میں چلے گئے تھے۔ امریکہ کے صدر ٹرمپ نے ایک اور ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں اور سکیورٹی حکام کا شکریہ ادا کیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ انہوں نے کورونا کے بارے میں بہت کچھ سیکھا ہے۔ ان کا پیغام میں کہنا تھا کہ کورونا سے متعلق اس طرح سیکھا ہے جیسے کہ سکول میں سیکھتے ہیں۔