شاہین شاہ آفریدی کا ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کارنامہ
نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی رواں سال سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز میں پہلی پوزیشن پر آگئے۔ 20 سالہ شاہین آفریدی نے ملتان میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ میں اپنی ٹیم خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے سندھ کے خلاف میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں جس کے ساتھ رواں سال میں ان کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 36 ہوگئی۔
شاہین آفریدی نے افغانستان کے راشد خان کو پیچھے چھوڑا جن کی اِس سال ٹی ٹوئنٹی میچز میں اب تک 33 وکٹیں ہیں۔ پاکستان کے شاداب خان اور حارث رؤف 31، 31 وکٹوں کے ساتھ مجموعی طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آج چوتھی مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کے لاستھ ملنگا نے کیریئر میں 5 مرتبہ فائیو وکٹ ہال حاصل کیا جب کہ شکیب الحسن اور ڈیوڈ ویزے بھی 4، 4 بار ٹی ٹوئنٹی کی ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لے چکے ہیں۔