قومی

ملک بھر میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کا کل سے آغاز ہو گا

ملک بھر میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کا آغاز کل (پیرکے روز سے) ہو گا، اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں مدارس رجسٹریشن دفاتر قائم کر دیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور اتحاد تنظیمات مدارس کے مابین طے پانے والے معاہدے کی رو سے مدارس رجسٹرڈ کئے جائیں گے اور یہ وفاقی وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں 133 اضلاع میں رجسٹریشن مراکز قائم کئے گئے ہیں، اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد اور گلگت میں صوبائی رابطہ آفیسرز اور ضلعی سطح پر بھی افسران کی تعیناتی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

مدارس کی رجسٹریشن پر منتظمین اور علماء کو شدید تحفظات

قبائلی علاقوں میں پہلی بار دینی مدارس کی رجسٹریشن مکمل

بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 35، سندھ میں 24، خیبر پختونخوا ہ کے 31 اضلاع میں دفاتر اور رابطہ آفیسرز متعین کئے گئے ہیں جبکہ بلوچستان میں 25، آزاد کشمیر میں 9 اور گلگت بلتستان میں 8 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

دینی مدارس کے مہتمم و ناظمین صوبائی یا ضلعی دفاتر سے رجسٹریشن فارم وصول کریں گے۔

یاد رہے کہ ستمبر 2016 میں تب کے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے دینی مدارس کی رجسٹریشن کی تجدید کیلئے این او سی کی شرط ختم کرتے ہوئے رجسٹریشن کی تجدید کا عمل آسان بنانے اور اس کیلئے ٹائم لائن کا تعین کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ طلباء و طالبات کی تعلیم کے تسلسل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

بعدازاں مئی 2017 میں خیبر پختونخوا حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے صوبے میں موجود تمام مدارس کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا تھا جس کے لئے باقاعدہ طور پر قانون کو اسمبلی میں پیش کر کے قائمہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button