خوشخبری، وزیرستان میں تھری جی فور جی سروس جلد شروع کی جائے گی
مزمل خان داوڑ سے
وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں 3G اور 4G سروس جون 2021 تک شروع کر دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ایم این اے سیف الرحمن نے اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی تھی جس کے جواب میں منسٹری آف انفارمیشن کا جوابی خط آیا ہے۔
وفاقی سیکرٹری انفارمیشن کی جانب سے موصول جوابی خط کے مطابق شمالی اور جنوبی وزیرستان میں جون 2021 تک انٹرنیٹ سروسز بحال کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سیف الرحمن کا تعلق جنوبی وزیرستان کے محسود قبیلے سے ہے اور وہ کراچی کے حلقے سے قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے ہیں۔
متعلقہ خبریں:
”انٹرنیٹ بحال کرو یا آن لائن کلاسز بند کر دو”
آن لائن کلاسز بہت ہی اچھے مگر تھری جی، فور جی کی سہولت کہاں؟
یوتھ آف وزیرستان کا موبائل فون سمیت تھری، فور جی سروس کی بحالی کا مطالبہ
دوسری طرف شمالی وزیرستان سے ایک ایم این اے اور دو ممبرز صوبائی اسمبلی میں ہیں لیکن اس کے باوجود تحصیل دتہ خیل میں نہ تو پی ٹی سی ایل ہے اور نہ کوئی موبائل سروس ہے۔
اس حوالے سے وزیرستان کے عوام نے کہا ہے کہ وہ ایم این اے جناب سیف الرحمن کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کے اس اقدام کو سراہتے ہیں۔
اس پیش رفت کے حوالے سے شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے پی ایچ ڈی اسکالر فسیح اللہ نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں طلباء و طالبات کو بڑا مسئلہ تھا، آن لائن کلاسز میں ہم دربدر ہوئے، ہم نے بہت احتجاج کیا لیکن بے سود، اب سیف الرحمان محسود نے ہماری ترجمانی کی جس پر ہم ان کے بہت مشکور ہیں۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے بی ایس سی کے طالب علم محسن وزیر کا کہنا تھا کہ تھری جی اور فور جی کا جو اعلان ہوا ہے ہم اس پر سیف الرحمان اور حکومت کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دو علاقوں کے علاوہ شمالی وزیرستان میں پی ٹی سی ایل کے سگنلز بھی میسر نہیں جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔
یاد رہے کہ فروری 2019 میں وفاقی حکومت نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں موبائل اور تھری اور فور جی سروس کی سہولت متعارف کروانے کے لیے نجی سیلولر آپریٹر کے ساتھ 25 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کا معاہدہ کیا تھا۔
یہ معاہدہ یونیورسل سروس فنڈ اور موبائل سیلیولر کمپنی ’جاز‘ کے درمیان کیا گیا تھا اور معاہدے کے مطابق کمپنی بنوں اور لکی مروت کے نیم قبائلی علاقوں میں بھی موبائل براڈبینڈ سروس متعارف کرائے گی۔