خیبر پختونخوا

لکی، سراۓ نورنگ بازار میں مین جی ٹی روڈ کھنڈرات میں تبدیل

لکی مروت کے سراۓ نورنگ بازار میں مین جی ٹی روڈ کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے بزرگ شہریوں، مریضوں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق کمشنر بنوں کی یقین دہانی کی باوجود روڈ نہ بن سکا، شہریوں نے تحریک انصاف کی حکومت سے روڈ مرمت کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

یاد رہے کہ 27 اگست 2020 کو گورنمنٹ ہاٸیر سیکنڈری سکول سرائے نورنگ میں یہاں کے اجتماعی عوامی مسائل سے آگاہی اور انہیں حل کرنے کے لیے کھلی کچہری منعقد ہوئی تھی۔

بارش کے بعد سڑک جھھیل کا منظر پیش کرتی ہے

کھلی کچہری میں عوامی مسائل سننے اور انہیں حل کرنے کے لئے کمشنر بنوں شوکت علی یوسفزئی، ڈی آئی جی بنوں اول خان، ڈپٹی کمشنر لکی مروت عبدالحسیب خان، ڈی پی او لکی مروت عبدالرؤف بابر قیصرانی سمیت تمام سرکاری محکموں کے افسران شریک تھے جبکہ نورنگ کی سیاسی و سماجی قیادت اور عوام کی کثیر تعداد بھی کھلی کچہری میں حاضر تھی۔

نوابزادہ عبد الرحیم خان المعروف منی خان نے دیگر مسائل کے ساتھ سرائے نورنگ شہر کی معروف سڑک کی خستہ حالی کا ذکر بھی کیا جس کے جواب میں کمشنر بنوں نے وہاں موجود تمام حاضرین کو یقین دلایا کہ جی ٹی روڈ نورنگ تھانے سے کالج تک دو مہینوں میں تعمیر کیا جائے گا لیکن ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود کوئی کام نہ ہو سکا، نورنگ کی اس کھنڈر نما سڑک پر کام شروع ہونے کے آثار کہیں بھی نظر نہیں آ رہے ہیں۔

سرائے نورنگ کے عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ایم اے نورنگ کے اربابِ اختیار نے اس روڈ کی تعمیر کے لیے جو نقشہ بنایا ھے کمشنر بنوں ڈویژن اور این ایچ اے حکام اسی نقشے کے مطابق تعمیر یقینی بنائیں جس میں دونوں جانب ڈرین، فٹ پاتھ اور گرین ایریا شامل ھے کیونکہ بارش کے ایام میں یہ سڑک ایک جھیل کا منظر پیش کرتی ھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button