چھ ماہ سے بند پرائمری سکول بھی آج سے کھل گئے
عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث چھ ماہ سے بند پرائمری سکولز میں آج تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں نرسری سے پانچویں تک کے بچے آج سکول گئے، بلوچستان حکومت نے پرائمری سکولز کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے۔
تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاو کے احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی ہوگا۔ صوبائی اور ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے گا اور جرمانے بھی ہوں گی۔
بیماری کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سماجی دوری اپنائی جائے گی۔ بچے اور والدین کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں سکول ہر گز نہ بھیجیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔
کسی بھی شخص کو درجہ حرارت چیک کیے بغیر تعلیمی اداروں میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ بچے کسی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے اور اسکول میں جھولا جھلنے پر بھی پابندی ہوگی۔ حکومت نے ملک بھر میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلے مرحلے میں یونیورسٹی، میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے طالبعلموں کو بلایا گیا تھا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایت کے مطابق ایک کلاس روم میں بچوں کی آدھی تعداد کو بٹھایا جائے گا۔ سکول میں بچوں کو ہاتھ دھونے کی ترغیب دی جائے گی اور اس کو یقینی بنانا تعلیمی اداروں ذمہ داری ہوگی۔ محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں سکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کاجائز لیں گی۔