قبائلی اضلاع

”منشیات قبضہ میں لے کر پولیس نے تینوں ملزمان کو موٹرکار سمیت چھوڑ دیا”

تھانہ لنڈی کوتل زیڑئی چیک پوسٹ پر پولیس ناکہ بندی کے دوران موٹر کار سے منشیات برآمد، تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں اقلیتی ایم پی اے ویلسن وزیر کے بھائی ندیم مسیح اور پرسنل سیکرٹری عبدالغفار مسیح شامل ہیں جبکہ موٹر کار ڈرائیور کا تعلق مقامی ذخہ خیل قبیلہ سے ہے۔

ملزمان کے قبضہ سے 500 گرام چرس اور افیون سمیت کئی بوتل شراب برآمد کر لی گئی، ملزمان کو منشیات سمیت لنڈی کوتل تھانہ منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی دباؤ کی وجہ سے ملزمان کو حراست میں رکھا گیا نہ ہی ان سے کسی قسم کی تفتیش کی گئی اور مقدمہ کے اندراج کے بغیر پولیس نے منشیات قبضہ میں لے کر تینوں ملزمان کو موٹرکار سمیت چھوڑ دیا۔

اس حوالے سے ایم پی اے ویلسن وزیر نے موقف اختیار کیا کہ نہ سیاسی اثرورسوخ استعمال کیا ہے اور نہ اس واقعہ کا مجھے علم ہے جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کی مذکورہ مقدار کم ہے جو کہ سمگلنگ کے لئے نہیں بلکہ اپنے استعمال کے لئے لے جا رہے تھے۔

واضح ہے کہ گرفتار اقلیتی ایم پی اے ویلسن وزیرکے بھائی گورنمنٹ مڈل سکول گاگرہ لنڈی کوتل میں سرکاری ملازم ہیں جبکہ دوسرا ملزم ایم پی اے ویلسن وزیر کا پرسنل سیکرٹری عبدالغفار مسیح فرنٹئیر کور کا ریٹائرڈ ملازم ہے جو 2019 میں بھی فیصل آباد میں منشیات سمگلنگ کے الزام میں گرفتار ہوا تھا اور فیصل آباد جیل میں قید رہا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button