لکی، مردان اور صوابی میں مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق
لکی مروت، نوشہرہ اور صوابی میں فائرنگ، ٹریفک حادثے اور بچوں کی لڑائی جیسے واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ بچی اور کاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے، دوسری جانب رسالپور میں گذشتہ روز ہونے والے ایک قتل میں مبینہ طور پر ملوث ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
نمائندہ ت این این کے مطابق صوابی کے علاقے ملک آباد گدون میں بچوں کی لڑائی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جب کہ بچی سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔
سلیمان شاہ ولد مقدر شاہ سکنہ ملک آباد نے تھانہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ یوسف شاہ، جہانزیب شاہ، سبز علی شاہ، خان زیب شاہ اور وزیر شاہ ساکنان ملک آباد نے ان کے اہل خانہ پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ان کا والد مقدر شاہ گولی لگنے سے جاں بحق جب کہ ان کے علاوہ ان کا بھائی محمد ارشاد اور چھوٹی بہن گولی لگنے سے زخمی ہو گئی۔
وجہ عناد بچوں کی تکرار بیان کی گئی ہے۔ پولیس نے ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کر کے ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
اسی طرھ مردان رنگ روڈ طورو پولیس سٹیشن کے قریب ٹریفک حادثے میں بیٹا جاں بحق جبکہ ماں شدید زخمی ہو گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق رحمان سید سکنہ رشکئی نامی نوجوان والدہ کے ہمراہ جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہونے کی وجہ سے دونوں روڈ پر پھسل گئے، حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے جاں بحق بیٹے سمیت ایم ایم سی منتقل کر دیا۔
اسی طرح لکی مروت سرائے نورنگ کے علاقے ذاہد آباد میں معروف ماہر عملیات و تعویزات مولانا شریف اللہ کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق مولانا شریف اللہ گھر کے سامنے کھڑے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، مقتول کے سر میں گولیاں لگی ہیں، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے نورنگ ہسپتال منتقل کر دی گئی۔
دوسری جانب رسالپور باباجی کلے میں چارسدہ کے رہائشی کا قتل کرنے والا ملزم 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔
عبدالعزیز ساکن دوسہرے چارسدہ نے گزشتہ روز پولیس کو اپنے والد کے قتل ہونے کی رپورٹ درج کی جو ساجد اور ماجد کے ساتھ رسالپور گیا تھا۔
مقتول نے گھر سے جاتے وقت 1 لاکھ چالیس ہزار روپے اپنے ساتھ لئے تھے جس کیلئے ساجد اور ماجد نے انہیں قتل کیا جس پر مقدمہ تھانہ رسالپور درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر کیپٹن (R) نجم الحسنین نے ASP کینٹ بلال احمد کی سربراہی میں رسالپور پولیس پر مشتمل تفتیشی ٹیم تشکیل دیکر ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک حوالہ کیا۔
تفتیشی ٹیم نے فوری طور پر ٹیمیں تشکیل دیکر ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے شروع کر دیئے اور ملزم تک رسائی حاصل کرتے ہوئے ماجد ولد اجمیر ساکن دوسہرے چارسدہ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔