متحدہ عرب امارات اور بحرین کا اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے معاہدے پر دستخط
خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے معاہدے پر دستخط کردیے۔ سفارتی تعلقات کے معاہدے کی تقریب امریکی صدارتی محل وائٹ ہاؤس میں ہوئی جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو، اماراتی وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان اور بحرینی وزیر خارجہ خالد بن احمد الخلیفہ شریک تھے۔
معاہدے پر دستخط سے قبل میڈیا نمائندوں سے خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کےلیے مزید کئی ممالک تیار ہیں اور بہت جلد 5 ممالک اسرائیل سے تعلقات قائم کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک تنازعات کی صورتحال سے تنگ آچکے ہیں جب کہ اس معاہدے کے بعد اماراتی اور بحرینی شہری مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے جاسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘متحدہ عرب امارات نے اسرائیل سے ہاتھ ملایا جس پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں’
‘متحدہ عرب امارات کا اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ مکہ اور مدینہ پر قبضے کی سازش ہے’
یو اے ای اسرائیل معاہدہ: پاکستان کا موقف سامنے آگیا
معاہدے کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے والی عرب ریاستوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے، اس سے قبل 1979 میں مصر اور اردن 1994 میں اسرائیل کو تسلیم کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات نے اگست اور بحرین نے ستمبر میں اسرائیل سے امن معاہدے کا اعلان کیا تھا۔