خیبر پختونخوا

کے پی پولیس کا خواجہ سراؤں کے تحفظ کیلئے تھانوں میں خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا پولیس نے خواجہ سراؤں کے تحفظ کے لیے تھانوں میں خصوصی ڈیکس قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ دوسری جانب خواجہ سراؤں نے بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کیخلاف پیر کے روز احتجاج کی کال دے دی۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں خواجہ سراؤں کیخلاف زیادتی اور قتل کے واقعات کی روک تھام کیلئے انسپکٹر جنرل آف پولیس ثناء اللہ عباسی نے تھانوں میں اسپیشل ڈیکس قائم کرنے کا اعلان کیا  ہے جس کا  فوکل پرسن اے ایس پی رینک کا افسر ہوگا۔

خیبر پختونخوا پولیس کے چیف نے پولیس ٹریننگ اسکول میں بھی خواجہ سرا حقوق سیشن شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

آئی جی کا کہنا تھا کہ خواجہ سرا کو عام شہری کے تمام حقوق حاصل ہیں۔ پولیس انہیں تھانوں میں بہتر انداز سے نمٹائیں۔ پشاور سمیت صوبے بھر میں جلد ڈیکس فعال کیے جائیں گے۔ خواجہ سراؤں کا ڈیٹا بھی اکھٹا کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں کے مسائل کیوں بڑھ رہے ہیں اس پر بھی انکوائری کریں گے۔

دوسری طرف خیبر پختونخوا میں خواجہ سراؤں پر تشدد اور قتل کے بڑھتے واقعات پر خواجہ سرا برادری نے پشاور میں احتجاج کی کال دیدی ہے۔ پیر کے دن صوبہ بھر کی خواجہ سرا پشاور میں احتجاج کریں گے۔

صدر فرزانہ خواجہ سرا کا کہنا ہے کہ ہمیں کوئی ہیلتھ کی سہولت یا نوکری نہیں چاہیے ہمیں ریاست تحفظ فراہم کرے۔ اگر ہم سب کو مارنا ہے تو ایک جگہ اکھٹا کرکے مار دے۔

انہوں نے کہا کہ تمام خواجہ سراؤں سے اپیل ہے کہ پورے پاکستان میں نکلیں اور اپنے حق کے لئے آواز اٹھائیں۔ ہم احتجاج کا دائرہ دیگر شہروں تک بڑھائیں گے۔ یاد رہے کہ رواں ہفتے پشاور کے علاقے پلوسی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خواجہ سرا جاں  بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button