پشاور، ڈیلروں کو مردہ مرغیاں سپلائی کرنے والا 5 رکنی گروہ گرفتار
پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے مردہ مرغیاں ڈیلروں کو سپلائی کرنے والا 5 رکنی گروہ گرفتار کر کے 3 ہزار مرغیوں کو تلف کر دیا۔
اس حوالے سے جاری ایک بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کو اطلاع ملی کہ رنگ روڈ سے چرگانوں چوک کو مردہ مرغیوں کی بڑی کھیپ سمگل کی جا رہی ہے جس کو مصدقہ جان کر اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی احتشام الحق کو کارروائی کی ہدایت کی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی احتشام الحق نے رات کی تاریکی میں سکواڈ کے ہمراہ باچا خان چوک میں دو گاڑیوں کو روکا جن میں 3 ہزار مردہ مرغیاں پائی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی احتشام الحق نے مردہ مرغیوں کو سپلائی کرنے والے پانچوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف تھانہ فقیر آباد میں مراسلے جمع کر دیئے جبکہ بعد ازاں مردہ مرغیوں کو تلف کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی احتشام الحق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مردہ مرغیوں کو بیچنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، ”شہریوں کو صاف ستھری اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔”