کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی، خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے ہسپتال کا کورونا وارڈ بند
صوبے میں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد میں کمی کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 250 بستروں پر مشتمل کورونا وارڈ بند کردیا گیا۔
ایل آر ایچ کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق ہسپتال میں اپریل سے 802 کورونا مریض آئے جن میں 270 اموات ہوئیں جبکہ 80 فیصد سے زائد یعنی 630 مریض صحتیاب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس وارڈ کو اب امراض قلب اور گلے کے شعبے میں بدل دیا جائے گا جنہیں وبا کے عروج کے باعث عارضی طور پر یہاں سے منتقل کردیا گیا تھا جبکہ اگلے ہفتے سے او پی ڈی کو بھی مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔
پچھلے ایک ہفتے میں خیبرپختونخوا میں کورونا سے صرف ایک فوتگی کی اطلاع سامنے آئی ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کی شرح بھی 50 سے نیچے ہے۔ گزشتہ روز صوبے بھر میں کورونا کے 39 کیسز سامنے آئے ہیں جن کے ساتھ متاثرین کی تعداد 36 ہزار 862 ہوگئی ہے۔
صوبے میں جمعہ کو وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، یوں اموات 1256 پر برقرار ہیں۔
دوسری جانب پشاور کے دو دیگر بڑے ہسپتالوں خیبرٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلکس نے کورونا وارڈز کو فعال رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کے ٹی ایچ حکام کے مطابق وہاں 10 کورونا مریض داخل ہیں جبکہ اس کے ساتھ کورونا ٹسٹنگ لیبارٹری بھی فعال ہے۔
اسی طرح ایچ ایم سی میں کورونا کے 13 متاثرین داخل ہے اور حکام نے وارڈ کو فی الحال فعال رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔