خیبر پختونخوا

نوشہرہ میں لیڈی کانسٹیبل، خیبر میں پولیس اہلکار قتل

ضلع نوشہرہ میں پرانی دشمنی پر لیڈی کانسٹیبل کے بعد ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق باڑہ کے علاقے بر قمبر خیل پکہ تڑہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کر کے مسعود اور لطیف نام کے پولیس اہلکاروں کو شدید زخمی کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ہسپتال پشاور منتقل کیا گیا تاہم لطیف نامی پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

ذرائع کے مطابق واقعہ شام کے بعد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ملزمان کا تعاقب اور اس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے۔

قبل ازیں نوشہرہ میں اکبرپورہ کے گنجان آباد علاقے علی شاہ میں ایلیٹ پولیس فورس کی لیڈی کانسٹیبل کو ایس ایچ او تھانہ اکبرپورہ اور پولیس کے سامنے مسلح ملزمان نے اندھادھند فائرنگ کر کے موت کے گھات اتار دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افیسر نوشہرہ نجم الحسنین کے مطابق واقعہ میں ایلیٹ پولیس کی لیڈی کانسٹبل صفیہ خان موقع پر گولیاں لگنے سے جاں بحق جبکہ ان کی چھٹی بہن نیلم خان شدید زخمی ہو گئی۔

خیبر پولیس کے اہلکار لطیف آفریدی کی فائل فوٹو

جاں بحق خاتون اہلکار اور ان کی زخمی کو میاں راشد میموریل ہسپتال پبی منتقل کر دیا گیا، تاہم شدید زخمی نیلم خان کو تشویش ناک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ نجم الحسنین نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ اکبرپورہ انسپکٹر بصیر خان سمیت 14 پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا۔

ڈی پی او نجم الحسنین نے ایس ایچ او تھانہ اکبرپورہ انسپکٹر بصیر خان سمیت 14 پولیس اہلکاروں کے خلاف پولیس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈی پی او کے مطابق مقتولہ لیڈی کانسٹبل صفیہ خان کے بھائیوں فضل تاج، تحسین اللہ اور عبد اللہ ولد فرید اللہ ساکنان علی شاہ (اکبر پورہ) نے گیارہ اپریل 2020 کو نوجوان مسمی مقتول ثاقب ولد نذر محمد کو قتل کیا تھا جس پر ان کے خلاف تھانہ اکبر پورہ درج کیا گیا تھا جبکہ ملزمان گھر چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ پشاور نے لیڈی کانسٹبل صفیہ خان کی درخواست پر ان کے سربمہر گھر کو کھلوانے اور سامان لینے کا حکم دیا تھا اور جب لیڈی کانسٹیبل صفیہ خان پولیس کے ہمراہ اپنے آبائی گھر کو کھلوانے پہنچی تو مقتول نوجوان کی رشتہ دار خواتین نے شدید مزاحمت کی اور جھگڑا کرنا شروع کر دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نذر محمد نے ساتھیوں سمیت اندھا دھند فائرنگ کر کے ایلیٹ پولیس فورس کی لیڈی کانسٹیبل صفیہ خان اور ان کی چھوٹی بہن نیلم خان کو شدید زخمی کر دیا جبکہ لیڈی کانسٹبل گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق لیڈی پولیس کانسٹبل صفیہ خان کی زخمی بہن نیلم خان کی مدعیت میں ملزم نذر محمد سمیت چار ملزمان کے خلاف تھانہ اکبرپورہ میں قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button