خیبر پختونخوا

نوشہرہ، انڈسٹریل زون رسالپور میں کارخانے بند، مل مالکان اور مزدور سڑکوں پر

نوشہرہ کے انڈسٹریل زون رسالپور نے واپڈا کی غیر اعلانیہ ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ہے، مل مالکان کارخانے بند کر کے مزدوروں کے ہمراہ سڑکوں پر آ گئے، احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق مظاہرین نے واپڈا کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور روڈ کو مکمل طور پر بند کر دیا۔

خیبر پختونخواہ اکنامک زون کے سامنے دھرنا گزیں مظاہرین کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں کارخانے بند جبکہ ہزاروں کی تعداد میں ڈیلی ویجر (یومیہ اجرت پر کام کرنے والے) ملازمین بے روزگار ہو گئے لیکن واپڈا کی جانب سے کم وولٹیج اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ دبدستور جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس انڈسٹریل زون سے سالانہ قومی خزانے کو کروڑوں کا منافع ہو رہا، اگر کارخانے بند ہوئے تو حکومت کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو گا، انڈسٹریل زون میں درجنوں کارخانے اب بھی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بند پڑے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹینڈر اور کارخانداروں کے رقم جمع کروانے کے باوجود کرپٹ ایکسین کنسٹرکشن ایکسیئن کام میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے، مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر واپڈا والوں کا قبلہ درست نہ ہوا تو ہمارا احتجاج پارلیمنٹ کے سامنے ہو گا۔

واضح رہے کہ اس زون میں ماربل انڈسٹری، ادویات ساز کمپنی اور سرف بنانے کے کارخانے موجود ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button