مہمند، سی ایف سی سنٹر میں غیرمقامی افراد کی بھرتیوں کیخلاف احتجاج
سٹیزن جرنلسٹ رازمیر خان
مہمند، سی ایف سی سنٹر میں غیر مقامی افراد کی بھرتیوں کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور کہا ہے کہ قبائلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کا استحصال بند کیا جائے، کسی کو ہمارے نوجوانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔
ضلع مہمند میں نوکریوں کیلئے سرکاری اشتہار شائع ہوا جس میں واضح طور پر لکھا گیا تھا کہ اس بھرتی میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے گی لیکن ٹسٹ اور انٹرویو کے بعد لسٹ میں ایک بھی مقامی فرد کا نام شامل نہیں تھا جس کے خلاف لوئر سب ڈویژن کے تمام نوجوان سیاسی اور سماجی کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے لوئر مہمند پریس کلب سے کمیونٹی فیسیلٹیشن سنٹر (CFC) آفس تک احتجاجی واک اور شدید نعرے بازی کی۔
احتجاجی مظاہرے سے پی ٹی آئی ضلع مہمند کے صدر ملک نوید احمد پیپلزپارٹی قبائلی اضلاع کے جنرل سیکرٹری جنگریز خان اور قاری رحیم شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مہمند میں تمام بھرتیاں یہاں کے شناختی کارڈ اور ڈومیسائل پر کی جائیں اور کسی بھی غیر مقامی شخص کو یہاں بھرتی نہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی تمام محکموں میں غیر مقامی افراد کو سفارش پر بھرتی کیا گیا جو کہ قبائلی نوجوانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے، ”ھم کسی صورت کسی کو اپنے حق پر قابض نہیں ہونے دیں گے۔”