شمالی وزیرستان: جائیداد کے تنازعے پرفائرنگ، ایک ہی گھر کے چار افراد قتل
شمالی وزیرستان کے میرعلی سب ڈویژن میں جائیداد کے تنازعے پر ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ واقعہ جمعرات کے روز ایپی گاوں میں پیش آیا جہاں اپنے بھائی نے ہی فائرنگ کرکے بھائ، بھابھی اور دو بھتیجوں کو موقع پر قتل کردیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں میاں بیوی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں بھائیوں کے درمیان زمین کا تنازعہ چلا آرہا تھا، جاں بحق افراد میں محمد طاہر اس کی بیوی اور دو بھتیجے شاھد اور ربازخان شامل ہیں۔
ظہیر الدین اور اس کی بیوی زخمیوں میں شامل ہیں، واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔
یاد رہے 24 اگست کو جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل میں بھی اراضی تنازعہ پر بھائی نے فائرنگ کرکے اپنے سگے بھائی اور 2بھتیجوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا تھا جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق پیر کے روز برمل کے علاقہ ارمر پنگہ (زم چینہ) میں جائیداد کے تنازعہ پر رسیل خان ولد بہاول خان کی اپنے بھائی نبی خان اور بھتیجوں شیرمان، بہرام خان پسران بادشاہ خان کے ساتھ زبانی تکرار ہوئی جس کے دوران رسیل خان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں تینوں متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔