ضلع خیبر، ملاگوری میں خشک سالی سے کنویں اور چشمے خشک پڑ گئے
ملاگوری کے مختلف علاقوں میں پانی کی سطح نیچے جانے اور خشک سالی کے باعث کنویں اور چشمے خشک پڑ گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ضلع خیبر کی سب تحصیل ملاگوری کے مختلف علاقے لوڑہ مینہ، تاتارہ، پائندی للمہ، میاں مورچہ، ذگہ، شیر برج سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی سطح کافی حد تک نیچے گر گئی ہے جس کی وجہ سے علاقے میں موجود اکثر کنویں اور قدرتی چشمے ہو گئے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چشمے اور کنویں سوکھنے کی وجہ سے علاقے میں پانی کی قلت شدت اختیار کر گئی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور مقامی پارلیمنٹرینز کی جانب سے بھی علاقے میں پانی کی سطح کو بارانی ڈیم یا دریائے کابل سے برقرار رکھنے کیلئے کسی قسم کے کوئی اقدامات ہوتے نظر نہیں آ رہے ہیں جس سے پانی کی سطح مزید نیچے گرنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مقامی لوگوں نے حکام بالا سے اس سنگین مسئلے کے لئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں لوگوں کو پینے کیلئے پانی مل سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں آبی ذخائر کم اور محدود ہونے کی وجہ سے ہر سال 1800 ارب روپے کا قیمتی پانی ضائع ہو جاتا ہے۔
دنیا بھر میں ہر سال کی طرح امسال بھی 22 مارچ کو عالمی یوم آب منایا گیا، اس موقع پر سامنے آنے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا پاکستان میں آبی ذخائر نہایت کم ہیں جس کے سبب ہر سال 1800 ارب روپے مالیت کا قیمتی پانی سمندر میں گر کر ضائع ہو جاتا ہے۔ پانی کی کمی کی وجہ در حقیقت بد انتظامی ہے، قدرت نے تو کوئی کمی نہیں کی، بس پانی سنبھالنا نہیں آیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سالانہ 30 ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر برد کر دیتا ہے، ایک ملین ایکڑ فٹ پانی 60 ارب روپے کا ہے، یعنی 1800 ارب روپے ہم سمندر میں پھینک رہے ہیں۔