خیبر پختونخوا

پشاور، احتجاج کارآمد، نانبائیوں کو سستے داموں آٹے کی فراہمی کا فیصلہ

پشاور، محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے نانبائیوں کیلئے آٹے کا سرکاری کوٹہ جاری کر دیا جس کے تحت نانبائیوں کو 85 کلو تھیلہ 4 ہزار 2 سو روپے میں مہیا کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں نانبائی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے سیکرٹری خوراک خیبر پختونخوا فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خوشحال خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ بھی موجود تھے۔

نانبائی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے سیکرٹری خوراک خوشحال خان کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا جس پر انہوں نے یقین دہانی کرائی اور نانبائیوں کو ریلیف دینے کی خاطر آٹے کا سرکاری کوٹہ جاری کردیا جس کے تحت نانبائیوں کو 85کلو تھیلہ 4 ہزار 2 سو روپے اور سبسڈائزڈ آٹا 970 تھیلے روزانہ کی بنیاد پر نانبائیوں کو فراہم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومت اور محکمہ خوراک کی جانب سے بہتر حکمت عملی کے باعث پنجاب سے آنے والے آٹے فائن، سپر فائن اور دیگر کی 85 کلو تھیلے کی قیمتوں میں 4 سو روپے کمی آگئی ہے جو اب مارکیٹ میں 6 ہزار کے بجائے 5 ہزار 6 سو میں دستیاب ہو گا اور بیس کلو تھیلے کی قیمتوں میں 100 سے 120 روپے کمی آ گئی ہے۔

سیکرٹری خوراک خیبر پختونخوا خوشحال خان کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے جبکہ منافع خوروں کی جانب سے کسی بلیک میلنگ قبول نہیں جن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیال رہے کہ کچھ ہی دن قبل پشاور کے نانبائیوں نے ڈپٹی کمشنر سے کامیاب مذاکرات کے بعد پیر کے دن سے احتجاج کی کال واپس لے لی تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے نانبائیوں کی جانب سے روٹی کا وزن کم کرنے کا مطالبہ تسلیم کر لیا تھا۔

قبل ازیں خیبرپختونخوا حکومت نے نانبائیوں کو سستا آٹا فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس پر نانبائیوں نے اپنا احتجاج ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ نے 24 اگست کو گندم کی درآمد اور عوام کو سستے نرخ پر آٹے کی فراہمی کے لئے تقریباً 3 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔

مشیر اطلاعات وبلدیات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے ذریعے فوری طور پر ڈیڑھ لاکھ ٹن امپورٹ کی منظوری دی ہے جبکہ مزید امپورٹ اور تمام آپشنز کھلے رکھنے کی بھی منظوری دی تاکہ کسی قسم کی قلت نہ ہو۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button