چارسدہ کے نوجوان کو سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش مہنگی پڑ گئی
چارسدہ، پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے ہیرو کو زیرو بنا دیا، سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب خان کے احکامات پر سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کر کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی سٹی محمد اقبال خان کے زیرنگرانی ایس ایچ او تھانہ سٹی ریاض خان نے کارروائی کے دوران فیس بک پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم باسط ساکن سٹیشن کورونہ کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کے قبضہ سے نمائش کرنے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔
اس حوالے سے ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب خان نے کہا کہ ناجائز اسلحہ متعدد جرائم کی جڑ ہے، اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔