خیبر، باڑہ سے کورونا کیسز رپورٹ، دو مقامات پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ علاقہ عالم گودر میں دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد ان مقامات پر سماٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم وزیر کے مطابق کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ علاقہ کے داخلی و خارجی راستوں پر آمدورفت محدود کر دی گئی، اشیائے خوردونوش اور ادویات کے علاوہ ہر قسم کی دکانیں بند کر دی گئیں، اجتماعات پر پابندی عائد جبکہ مساجد میں 5 نمازیوں سے زیادہ اکٹھے نہیں ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم وزیر کی جانب سے جاری کردہ نو ٹیفیکشن کے مطابق باڑہ کے نواحی قبیلہ سپاہ کے علاقہ ڈاکٹر خان عالم کلے اور ملک گڑھی عالم گودر میں دو مقامات پر محکمہ صحت کی رپورٹ پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن جاری کر دیا گیا اور حکومتی پالیسی کے مطابق اب صرف ان علاقوں میں جہاں کرونا کے مشتبہ کیسز سامنے آنے پر لاک ڈاؤن کی بجائے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا جس کے تحت پورے علاقے کو بند کرنے کی بجائے ان مقامات کو بند کیا جاتا ہے جہاں کرونا کے مشتبہ کیسز موجود ہوں۔
یاد رہے کہ 19 مارچ کو ضلع خیبر سے کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا جب تحصیل باڑہ کے علاقہ شلوبر میں 30 سالہ عادل رحمن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی تھی۔
15 مئی کو ضلع خیبر میں ایک اور شخص کرونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا تھا جس کے بعد ضلع میں جاں بحق افراد کی تعداد سات ہو گئی تھی۔